سنٹرل جیل گلبرگہ میں دیوار منہدم ،5قیدی زخمی
گلبرگہ11؍اپریل( اعتماد نیوز): گلبرگہ ضلع میں کل شام ہوئی طوفانی بارش کے
دوران بجلیوں کے گرنے سے 3افراد کے ہلاک ہونے اور ایک فرد کے زخمی ہونے کی
اطلاعات ملی ہیں ۔ الند تعلقہ کے کورٹی دیہات میں شرنما لکشمن جاؤلی نامی
45سالہ خاتون اور اسی تعلقہ کے نرونا تعلقہ کے ہنومنت ریا شیور ریڈی
نامی22سالہ نوجوان بجلی کی زد میں آکر برسرِ موقع ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ چنچولی
تعلقہ کے مر پلی دیہات میں شریمنت ولد ہنومنتپا نامی 23سالہ چرواہا بکریوں
کے ریوڑ کے ساتھ دیہات واپس ہورہا تھا کے کل شام6.30بجے بجلی کی زد میں
آکر ہلاک ہوگیا ، بجلی کے گرنے سے کئی بکریاں ہلاک ہو گئیں۔ جیورگی تعلقہ
کے انکل گہ دیہات میں یللا لنگ پجاری نامی کسان کھیت میں کام کرنے کے دوران
بجلی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جبکہ اُس کے دو بیلوں میں سے ایک بیل
جل کا خاکستر ہوگیا دوسرے کی حالت نہایت نازک ہے ۔ گلبرگہ شہر میں کل شام
ہوئی طوفانی بارش کے نتیجہ میں برقی
کھمبوں اور درختوں کے گرنے کے متعدد
واقعات پیش آئے جس کے نتیجہ میں ٹرافک میں رکاؤٹیں کھڑی ہوگئیں۔ تیز طوفانی
ہواؤں سے مکانوں کی چھتوں کے ٹین اُڑ گئے گھروں کی چھتوں سے محروم پریشان
حال لوگوں میں مسجد ابراہیمی کے موذن فاروق بھی شامل ہیں جن کا ودیا نگر
میں واقعہ مکان کی چھت کے تمام ٹین اُڑ گئے ۔ شہر کے کئی علاقوں میں برقی
کھمبوں کے گرنے کے نتیجہ میں گھنٹوں برقی سربراہی مسدود رہی ، زائد از نصف
گھنٹہ کی بارش کے نتیجہ میں شہر کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی اور متعدد
نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی مکانوں میں داخل ہوگیا۔ جیورگی روڈ پر واقع
ریلوائے انڈر بریج پانی میں مکمل ڈوب گیا جس کے نتیجہ میں کئی گھنٹوں تک
ٹرافک مسدود رہی۔سنٹرل جیل گلبرگہ کی ایک بیارک کی دیوار کے منہدم ہونے کے
نتیجہ میں 5قیدی زخمی ہوگئے ۔ گلبرگہ ضلع کے چنچولی، الند، چیتاپور، سیڑم
،جیورگی اور افضلپور تعلقوں میں طوفانی بارش کے قہر سے درختوں اور برقی
کھمبوں کے گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے ۔ (تصویر منسلک ہے )